دیباچہ
انجیل مقدس کا پہلا صحیفہ متّی رسول کی انجیل کہلاتا ہے۔ اس کے مطالعہ سے آپ یسوع مسیح (حضرت عیسیٰ) کے حالاتِ زندگی سے واقفیت حاصل کریں گے۔ متّی رسول ایک چشم دید گواہ اور یسوع مسیح کے شاگردوں میں سے ایک تھا۔ اُس نے اس انجیل میں الہام سے یسوع مسیح کی پیدائش، زندگی، تعلیمات، موت اور مُردوں میں سے جی اُٹھنے کے بارے میں نہایت وضاحت سے لکھا ہے۔ اس کو پڑھنے سے ہم پر خداوند یسوع مسیح کے اس دنیا میں آنے کا مقصد ظاہر ہوتا ہے۔ یسوع مسیح نے اپنی جان دینے کے وسیلہ سے تمام دنیا کے لوگوں کے لئے گناہوں سے نجات پانے کی راہ نکالی۔ اس سے توریت اور نبیوں کے صحیفوں کی پیشین گوئیوں کی تکمیل ہوتی ہے۔
مطالعہ سے پہلے مدد الٰہی کے لئے حضرت داؤد نبی کے ہم زبان یہ دعا مانگیں۔
اے خدا، میری آنکھیں کھول دے تاکہ مَیں تیری شرِیعت کے عجائِب دیکھوں۔ (زبور 119 باب 18 آیت)
متی باب 1 میں یسوع مسیح کے نسب نامہ، پیدائش کا بیان کیا گیا ہے۔ باب 2 میں اس دنیا میں یسوع مسیح کا استقبال ظالمانہ اور مخالفانہ طریق سے کیا گیا تھا۔ مجوسی تو مشرق سے یسوع مسیح کو سجدہ کرنے بیت لحم آئے تھے مگر ہیرودیس بادشاہ نے یسوع مسیح کو قتل کرنے کی کوشش کی۔
یہودی لوگ توریت ، زبور اور نبیوں کے صحیفوں کی پیشین گوئیوں کے مطابق صدیوں سے ایک بادشاہ کی آمد کا انتظار کر رہے تھے۔ جسے حضرت داؤد کی نسل سے پیدا ہونا تھا، اور لوگوں کو نجات دینی تھی۔ اس سبق میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ یسوع مسیح کی پیدائش ان پیشین گوئیوں کو پورا کرتی ہے۔ یہ ایسا واقعہ نہ تھا جس کی پہلے سے خبر نہ دی گئی ہو بلکہ یہ خدا تعالیٰ کے ازلی ارادہ کے مطابق تھا۔
متی باب 1
یسوع مسیح کے آباؤ اجداد
انجیل مقدس میں مرقوم ہے کہ” یِسُوع مسِیح اِبنِ داؤُد اِبنِ ابرہاؔم کا نسب نامہ۔ ابرہاؔم سے اِضحاؔق پَیدا ہُؤا اور اِضحاؔق سے یعقُوؔب پَیدا ہُؤا اور یعقُوؔب سے یہُوداؔہ اور اُس کے بھائی پَیدا ہُوئے۔ اور یہُوداؔہ سے فارؔص اور زارؔح تمر سے پَیدا ہُوئے۔ اور فارؔص سے حصروؔن پَیدا ہُؤا اور حصروؔن سے راؔم پَیدا ہُؤا۔ اور رام سے عمّینداب پَیدا ہُؤا اور عمّینداب سے نحسوؔن پَیدا ہُؤا اور نحسوؔن سے سلموؔن پَیدا ہُؤا۔ اور سلموؔن سے بوعز راحب سے پَیدا ہُؤا اور بوعَز سے عوبید رُوؔت سے پَیدا ہُؤا اور عوبید سے یسّی پَیدا ہُؤا۔ (متی 1 باب 1 تا 5 آیات)
انجیل مقدس میں مرقوم ہے کہ” اور یسّی سے داؤُد بادشاہ پَیدا ہُؤا۔ اور داؤُد سے سُلیماؔن اُس عَورت سے پَیدا ہُؤا جو پہلے اُورِیّاہ کی بِیوی تھی۔ اور سُلیماؔن سے رحُبِعاؔم پَیدا ہُؤا اور رحُبِعاؔم سے اَبِیّاؔہ پَیدا ہُؤا اور اَبِیّاؔہ سے آسا پَیدا ہُؤا۔ اور آسا سے یہوسفط پَیدا ہُؤا اور یہوسفط سے یُوراؔم پَیدا ہُؤا اور یُوراؔم سے عُزِیّاہ پَیدا ہُؤا۔ اور عُزِیّاہ سے یُوتام پَیدا ہُؤا اور یُوتام سے آخز پَیدا ہُؤا اور آخز سے حِزقِیاؔہ پَیدا ہُؤا۔ اور حِزقِیاؔہ سے مُنسّی پَیدا ہُؤا اور مُنسّی سے امُوؔن پَیدا ہُؤا اور امُوؔن سے یُوسیاہ پَیدا ہُؤا۔ اور گرِفتار ہو کر باؔبل جانے کے زمانہ میں یُوسیاہ سے یکوُنیاؔہ اور اُس کے بھائی پَیدا ہُوئے۔ اور گرِفتار ہو کر بابل جانے کے بعد یکوُنیاؔہ سے سیالتی ایل پَیدا ہُؤا اور سیالتی ایل سے زَرُبّاِبُل پَیدا ہُؤا۔ اور زرُبّابُل سے اَبِیہُود پَیدا ہُؤا اور اَبِیہُود سے اِلیاؔقِیم پَیدا ہُؤا اور الیاؔقِیم سے عازور پَیدا ہُؤا۔ اور عازور سے صدوؔق پَیدا ہُؤا اور صدوؔق سے اخیم پَیدا ہُؤا اور اخیم سے لِیہُود پَیدا ہُؤا۔ اور الِیہُود سے الیعزر پَیدا ہُؤا اور الیعزر سے متّان پَیدا ہُؤا اور متّان سے یعقُوؔب پَیدا ہُؤا۔ (متی 1 باب 6 تا 15 آیات)
مندرجہ ذیل سوالات کے جوابات دیں۔